ملائم سنگھ نے بیٹے اکھلیش کے ساتھ منائی سالگرہ، جانئے کتنے کلو کا بنا تھا لڈو


ہماری دنیا بیورو


لکھنو، 22 نومبر۔  سماج وادی پارٹی کے بانی اور سرپرست ملائم سنگھ یادو نے جمعہ کے روز پارٹی دفتر میں اپنے بیٹے اور ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کے ساتھ اپنی سالگرہ منائی۔ انہوں نے 81 کلو لڈو کاٹا۔ اس موقع پر قومی صدر اکھلیش یادو، ادے پرتاپ سنگھ، احمد حسن، دھرمیندر یادو سمیت مختلف رہنما اور پارٹی کارکنان موجود تھے۔ لیڈروں نے ملائم کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی لمبی عمر کی دعا کی۔ 
اس موقع پر ملائم نے پارٹی کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے غریبوں کی سالگرہ منانے کی اپیل کی۔ ایس پی سرپرست نے کہا کہ اب نوجوانوں کو آگے آنا چاہئے کیونکہ آنے والے وقت میں پارٹی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوگی۔ 
گورنر آنندی بےن پٹیل اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ملائم سنگھ یادو کو سالگرہ پر مبارک باد دی۔ گورنر نے ٹویٹ کیا کہ اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ محترم ملائم سنگھ جی یادو کو سالگرہ کی بہت بہت مبارک باد۔ پرم کرپالو پرماتما ان کو اچھی صحت، طویل عمر اور خوشحالی فراہم کریں، ایسی میںخواہش کرتی ہوں۔ سماجوادی پارٹی کی جانب سے اس پر گورنر کا شکریہ ادا کیا گیا۔
ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سماج وادی پارٹی سرپرست کو اپنی نیک خواہشات دیتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ریاست کے سابق وزیر اعلی ملائم سنگھ یادو جی کو سالگرہ کی دلی مبارکباد۔ میں پربھو شری رام سے ان کی صحت ، لمبی عمر، خوشحالی اور فعال زندگی کا متمنی ہوں۔
اس کے ساتھ ہی ایس پی سرپرست کی 81 ویں سالگرہ کو لے کر شہر بھر میں مبارک بادپیغام دیتے ہوئے پوسٹر اور ہورڈنگس لگائے گئے ہیں۔ اس موقع پر کارکنوں نے کے جی ایم یو میں مریضوں اور تیمارداروں کو کھانا بھی کھلایا گیا۔ سابق کابینہ وزیر ریوداس مہروترا نے ملائم سنگھ کی سالگرہ کو'لوک تنتر بچاﺅ تحریک' کے طور پر منانے کی اپیل کی ۔
اس سے پہلے قیاس لگائے جا رہے تھے کہ ملائم کی سالگرہ پر یادو کنبہ ایک ساتھ نظر آ سکتا ہے لیکن ملائم کے نئی دہلی سے آنے کے بعد ہی یہ صاف ہو گیا کہ وہ اس کی سالگرہ پر پارٹی دفتر میں کارکنوں کے درمیان موجود رہیں گے۔ اس پی ایس پی (لوہیا) کے کارکنوں اور خاص طور پرشیو پال یادو کو مایوسی ہاتھ لگی ہے۔ دراصل شیو پال یادو نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ ان کی پارٹی غیر مشروط اکھلیش یادو سے ملنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ایک بار پھر اکھلیش یادو وزیر اعلیٰ بنیں۔