’لنچنگ‘:اویسی اور دگ وجے نے موہن بھاگوت کی زبان بند کردی


ہماری دنیا بیورو
نئی دہلی:آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدربیرسٹر اسد الدین اویسی نے منگل کو آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے اس بیان پر تنقید کی کہ بھیڑ کے ذریعہ پیٹ پیٹ کرقتل (ماب لنچنگ)مغربی طریقہ ہے اور ملک کو بدنام کرنے کے لئے اس کا بھارت کے تناظر میں استعمال نہیں کرنا چاہئے۔ وہیں کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے ناگپور میں یکجہتی پر دیئے ایک بیان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جس دن وہ اس پیغام پر عمل کرنے لگیں گے اس دن ملک کی بھیڑکے ذریعہ پیٹ پیٹ کر قتل اور نفرت جیسے سارے مسئلہ ختم ہو جائیں گے۔


آل انڈیا مجلس اتحاد مسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے کہا کہ ماب لنچنگ کے شکارہونے والے ہندوستانی ہیں اورانہوں نے الزام لگایا کہ بھاگوت ماب لنچنگ کو روکنے کے لئے نہیں کہہ رہے ہیں۔ حیدرآباد سے ممبر پارلیمنٹ اویسی نے کہاکہ (ماب لنچنگ) کاشکارہونے والے ہندوستانی ہیں۔ماب لنچنگ کے قصورواروں کو کس نے مالا پہنائی تھی، کس نے ان کو (ترنگے میں) لپیٹ تھا۔ آپ کے پاس گوڈسے پریمی بی جے پی ممبر پارلیمنٹ ہیں۔



اویسی نے ٹویٹ کیا کہ گاندھی اور تبریز انصاری کے قتل جس نظریے نے کی اس کے مقابلے میں بھارت کی اس سے بڑی بدنامی اور کوئی کچھ نہیں ہو سکتی۔ بھاگوت بھیڑ قتل روکنے کے لئے نہیں کہہ رہے ہیں، وہ کہہ رہے ہیں کہ اسے (لنچنگ) نہ کہو۔
جس دن بھاگوت یکجہتی کے پیغام پر عمل کرنے لگیں گے، لنچنگبند ہو جائے گی: دگوجے
دگ وجے نے ایک سوال کے جواب میں یہاں میڈیا کو بتایا،' جس دن موہن بھاگوت جی یکجہتی کا پیغام دے کر اس پر عمل کرنے لگیں گے، محبت اور ہم آہنگی اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کا راستہ اپنا لیں گے اس دن سارا مسئلہ ختم ہو جائے گا، بھیڑ کے ذریعہ بے گناہوں کا قتل بھی ختم ہو جائے گااور نفرت بھی ختم ہو جائے گی۔ شکایتیںنہیں رہیں گی۔ دگ وجے سے پوچھا گیا تھا کہ موہن بھاگوت نے ناگپور میں آج کہا ہے کہ کچھ لوگ ملک کو بانٹنے کا کام کر رہے ہیں، جبکہ ہم (آر ایس ایس) یکجہتی کا پیغام دے رہے ہیں۔
معلوم ہو کہ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے منگل کو وجے دشمی کے موقع پر ناگپور کے رےشمی باغ میدان میں 'ہتھیاروں کی پوجا' کے بعد سوئم سیوکوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ' بھیڑکے ذریعہ پیٹ پیٹ کر قتل (لنچنگ) مغربی طریقہ ہے اور ملک کو بدنام کرنے کے کیلئے بھارت کے تناظر میں اس کا استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔'لنچنگ' لفظ کو ہندوستانیوں پر نہ تھوپیں۔