ہماری دنیا بیورو
ممبئی،11نومبر:مہاراشٹر میں حکومت کی تشکیل کیلئے سیاسی ڈرامہ جاری ہے۔ شیوسینا لیڈر آدتیہ ٹھاکرے نے گورنر کوشیاری سے ملاقات کر کے ان سے حکومت سازی کی خواہش ظاہر کی تھی لیکن 48 گھنٹے کا وقت طلب کیا تھا تاکہ این سی پی اور کانگریس کی حمایت پر مبنی لیٹر دے سکیں۔ لیکن گورنر نے ان کے اس مطالبہ کو انکار کر دیا۔ اب تازہ ترین خبروں کے مطابق گورنر نے راشٹر وادی کانگریس (این سی پی) کو حکومت سازی کی دعوت دے دی ہے۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ این سی پی-کانگریس اتحاد مل کر حکومت سازی کے لیے کس طرح کی کوششیں کرتی ہیں۔ شیوسینا اپنی شرطوح کے ساتھ این سی پی-کانگریس اتحاد کا ساتھ دیتی ہے یا پھر ابھی ان تینوں پارٹیوں کے درمیان کرسی کی رسہ کشی دیکھنے کو ملے گی۔دہلی میں کانگریس پارٹی کی میٹنگ ہوئی لیکن اس میں شیوسینا کو حمایت دینے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا ہے۔ کانگریس اب این سی پی سے گفتگو کرنے کے بعد اپنا فیصلہ لے گی۔
ادھرشیوسینا لیڈر آدتیہ ٹھاکرے نے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس خطاب میں انھوں نے کہا کہ وہ حکومت سازی کے لیے تیار ہیں لیکن ساتھی پارٹیوں سے بات چیت کرنے کے لیے کچھ وقت درکار ہے اس لیے گورنر سے 48 گھنٹہ کی مہلت مانگی گئی، لیکن زبانی طور پر اس سے انھوں نے منع کر دیا۔ ساتھ ہی آدتیہ ٹھاکرے نے یہ بھی کہا کہ حکومت سازی کا ان کا دعویٰ ابھی گورنر نے خارج نہیں کیا ہے اس لیے وہ حکومت سازی کے لیے اپنی تیاریاں کر رہے ہیں۔
مہاراشٹر میں سیاسی ڈرامہ جاری، پل پل بدلتے حالات