ہماری دنیا بیورو
نئی دہلی،11 نومبر:مہاراشٹر میں حکومت بنانے کو لے کراب تصویر صاف ہونے لگی ہے۔ دہلی میں کانگریس کی میٹنگ جاری ہے جس میں مہاراشٹر کے تمام بڑے لیڈر شامل ہیں۔ابھی جوخبر میٹنگ سے نکل کر باہر آرہی ہے اس میں تو یہ صاف ہوگیا ہے کہ کانگریس شیوسینا کی حکومت کو باہر سے حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ لیکن ابھی یہ واضح نہیں کہ این سی پی حکومت میں شامل ہوگی یا باہر سے حمایت دے۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ کانگریس کی طرف سے فیصلہ آنے کے بعد ہی یہ فیصلہ ہوگا کہ این سی پی حکومت میں شامل ہوگی یا نہیں۔ کانگریس اور شیوسینا کا نظریہ بالکل الگ ہے اس لئے کانگریس شیوسینا کو باہر سے حمایت دینا چاہتی ہے۔ جے پور میں موجود کانگریس ممبران اسمبلی سے سونیا گاندھی نے بات کرکے ان کو شیوسینا کی حکومت کو باہر سے حمایت دینے کیلئے راضی کرلیا ہے۔ اور کانگریس کے سبھی ممبران اسمبلی شیوسینا حکومت کو حمایت دینے کے لئے تیار ہوگئے ہیں۔
ادھر خبر آرہی ہے کہ شیوسینا لیڈر آدتیہ ٹھاکرےاور ایکناتھ شندے تھوڑی دیر میں راج بھون پہنچنے والے ہیں۔ آدتیہ، سبھاش دیسائی سمیت شیوسینا کے دیگر لیڈر راج بھون کے لئے نکل چکے ہیں۔