ہماری دنیا بیورو
لکھنو، 20 نومبر۔ اجودھیا معاملے میں سنی وقف بورڈ کے وکیل ظفریاب جیلانی نے کہا کہ اجودھیا مسئلہ پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے ریویو-پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اب درخواستوں کی تعداد کتنی ہو گی، اس پر سینئر وکیل راجیو دھون فیصلہ کریں گے۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کے سکریٹری اور ایڈووکیٹ ظفریاب جیلانی نے بتایا کہ دو دن پہلے بورڈ کی میٹنگ میں فیصلہ لینے کے بعد پریس کانفرنس میں واضح کر دیا گیا تھا کہ ریویو پٹیشن دائر کی جائے گی۔ فی الحال تین نقطہ طے کئے گئے ہیں جن پر مختلف تین عرضیاں بورڈ کی جانب سے داخل ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک کی معلومات کے مطابق جمعیت علمائے ہند کی جانب سے بھی ایک عرضی داخل ہو سکتی ہے۔ اسی طرح دو اور عرضیاں ہوسکتی ہیں۔ مسلم فریقین کی جانب سے درخواستوں پر حتمی فیصلہ کا حق سینئر وکیل راجیو دھون کو دیا گیا ہے۔ وہ ہی درخواستوں کی تعداد پر فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نو دسمبر تک کی تاریخ دی گئی ہے۔ اس کے پہلے ہی نظرثانی کی درخواست دائر کریں گے۔ ہو سکتا ہے کہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں ہی نظر ثانی کی درخواست داخل کی جائے۔ اس کے لئے تیاریاں ہو رہی ہیں اور جلد ہی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔