ریاض ،13نومبر:سعودی عرب میں ان دنوں ریاض سیزن کے تحت تفریحی میلہ جاری ہے جہاں سعودی عرب اور غیر ملکی فنکار اپنی فنکاری کامظاہرہ کر رہے ہیں۔گزشتہ دنوں ریاض میں چل رہے تفریحی میلے میں اس وقت ہنگامہ برپا ہو گیا جب ایک چاقو بردار شخص نے اسٹیج پر اپنی فن کا مظاہرہ کر رہے فنکاروں پر حملہ کر دیا۔اس حملے کا ویڈیو سوشل میڈیا اور متعدد نیوز پورٹل پر وائرل ہو رہاہے ۔چاقو بردار شخص کے حملے میں دو مرد اور ایک خاتون فنکار زخمی ہو گئے ہیں۔
سعودی مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاض پولیس کے ترجمان نے سعودی پریس ایجنسی کو بتایا،” قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دو مردوں اور ایک خاتون پر خنجر سے حملہ کے اس واقعے سے نمٹا۔ انہیں پرفارمنس کے دوران نشانہ بنایا گیا۔“اس واقعے کی سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح حملہ آور اسٹیج کی جانب بھاگ رہا ہے اور اس کے پیچھے سکیورٹی افراد ہیں۔ ذرائع کے مطابق حملہ آور تینتیس سالہ یمنی شہری ہے۔ اس حملے کا پس منظر ابھی تک غیر واضح ہے۔
یہ تقریب ریاض کے کنگ عبداللہ پارک میں جاری تھی، جہاں غیر ملکی تھیٹر فنکار نیم عریاں ملبوسات میں پرفارم کررہے تھے۔پولیس کے مطابق حملہ کرنے والے شخص کا تعلق یمن سے ہے جبکہ اس کی عمر 33 سال بتائی جارہی ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ جن فنکاروں پر حملہ کیا گیا انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جن کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔واضح رہے کہ 'ریاض سیزن' نامی یہ میلہ رواں برس دسمبر کے وسط تک جاری رہے گا اور اس میں متعدد عرب فنکاروں سمیت مغربی ممالک کے فنکاروں کی جانب سے بھی پرفارمنس کیے جانے کا امکان ہے۔اس میلے کے پروگرامات دیکھنے کے لیے سعودی عرب کے تمام شہروں سے مرد و خواتین سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد پہنچ رہی ہے اور پہلی بار مرد و خواتین کو ایک ہی جگہ مکمل تفریحی ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔واضح رہے کہ یہ میلہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی کوششوں سے ہو رہا ہے جو سعودی عرب کی تبدیلیوں کے لئے کوشاں ہیں۔
سعودی عرب : ثقافتی فیسٹیول کے دوران فنکاروں پر چاقو سے حملہ،ملزم گرفتار