ادھو ٹھاکرے کے سرسجے گا مہاراشٹر کا تاج، وزیراعلی بننے کیلئے راضی،جانئے کب ہوگا اعلان


ہماری دنیا بیورو


ممبئی، 22 نومبر:مہاراشٹر میں نئی حکومت کے قیام کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ ممبئی میں جمعہ کو شیوسینا، کانگریس اور این سی پی کے رہنماو ¿ں نے حکومت تشکیل کو لے کر پہلی بار ایک ساتھ ملاقات کی اور ادھو ٹھاکرے کو وزیر اعلیٰ بنائے جانے پر رضامند ہوگئے۔ اس کی جانکاری این سی پی سربراہ شرد پوار نے دی۔
اجلاس میں شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کو وزیر اعلیٰ بنائے جانے کو لے کر تینوں پارٹیوں کے لیڈروں نے اپنی منظوری دے دی ہے۔ اجلاس کے بعد ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ کئی مسائل کو اٹھایا گیا۔ پارٹی کے دیگر رہنماو ¿ں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، کچھ مسائل باقی رہ گئے ہیں جن پر بات چیت کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کابینہ کو لے کر بات چیت جاری ہے۔
میٹنگ کے بعد این سی پی چیف شرد پوار نے کہا، یہ صاف ہے کہ قیادت کا مسئلہ ہمارے سامنے نہیں ہے۔ تینوں جماعتوں نے ادھو ٹھاکرے کو وزیر اعلیٰ بنائے جانے پر منظوری دے دی ہے۔ شرد پوار نے کہا، ہفتہ کو تینوں پارٹیوں کی مشترکہ پریس کانفرنس ہے۔ جماعتوں کے درمیان بات چیت اب بھی چل رہی ہے۔ کل (ہفتہ) ہم فیصلہ کریں گے کہ گورنر سے کب ملنا ہے۔
این سی پی سربراہ شرد پوار نے مزید کہاکہ میٹنگ میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈرافٹ کا عمل جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ کے عہدے کو لے کر اب کسی قسم کا اختلاف نہیں ہے۔ سب نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ادھو ٹھاکرے کی قیادت میں مہاراشٹر میں حکومت بنائی جائے گی۔ پروگرام کو لے کر بات چیت ابھی باقی ہے۔ ہفتہ کو ہم پریس کانفرنس میں تفصیل سے جانکاری دیں گے۔
اس میٹنگ کے بعد این سی پی اور کانگریس نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس میں کانگریس لیڈر پرتھوی راج چوہان اور این سی پی سے جینت پاٹل شامل ہوئے۔ چوہان نے میڈیا سے کہا کہ بات چیت ابھی جاری ہے اور کل اس پر دوبارہ ملاقات کریں گے۔ ادھر این سی پی لیڈر پرفل پٹیل نے بھی کہا کہ کچھ مسائل پر ابھی اتفاق رائے ہونا باقی ہے۔ دوسری طرف کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل نے کہا کہ جمعہ کی میٹنگ ادھوری رہی، لہٰذا ہفتہ کو دوبارہ مشترکہ میٹنگ بلائی گئی ہے۔