ہماری دنیا بیورو
لکھنو، 19 نومبر۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ضلع گوتم بدھ نگر (نوئیڈا) کے ہوم گارڈ آفس میں پیر دیر رات ریکارڈ کو جلائے جانے کے واقعہ کو کافی سنجیدگی سے لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے فورینسک ٹیم کو فوری طور پرجائے وقوعہ پر بھیج کر جانچ کرانے کی ہدایات دیئے ہیں۔ اس معاملے میں دو ہوم گارڈ جوانوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
ہوم گارڈ کی ڈیوٹی لگانے میں ہوئے کروڑوں کے گھوٹالے کی زد میں آئے نوئیڈا ڈسٹرکٹ کمانڈنٹ ہوم گارڈ آفس میں پیر دیر رات کو مشتبہ حالت میں آگ لگ گئی۔ نوئیڈا کے سورج پور واقع ہوم گارڈ کمانڈنٹ دفتر میں ہوم گارڈ ڈیوٹی گھوٹالے سے متعلق دستاویزات ایک خانے میں رکھے گئے تھے۔ جس خانوں میں آگ لگی، اس میں سال 2014 سے اب تک مختلف سرکاری محکموں میںتعینات کئے گئے ہوم گارڈ کے مسٹر رول رکھے تھے، وہ سب کے سب جل کر خاک ہوگئے ہیں۔ گھوٹالے کی صرف انکوائری والے دستاویزات کے خانوں میں آگ لگنے سے جانچ میں رخنہ اندازی کے لئے دستاویز جلائے جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس گھوٹالے کی جانچ پولیس کر رہی تھی اور بہت سے دستاویز پولیس کو ہوم گارڈ دفتر سے لینے تھے لیکن اس سے پہلے ہی آگ لگنے سے دستاویزات جل گئے ہیں۔ موقع پر پہنچی پولیس نے آگ بجھائی اور حکام کو اس کی اطلاع دی۔ اس معاملہ میں سورج پور پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
اس واقعہ کی تحقیقات کے لئے شہر پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی سٹی) کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ ضلع میں ہوم گارڈ کی ڈیوٹی لگانے کو لے کر کروڑوں کے گھوٹالہ معاملے میں سورج پور تھانے میں مقدمہ درج ہے اور پورے معاملے کی تحقیقات گوتم بدھ نگر کی کرائم برانچ کر رہی ہے۔ سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس ایس پی) گوتم بدھ نگر ویبھو کرشن نے بتایا کہ پیر دیر رات پولیس کو اطلاع ملی کہ ضلع کلکٹریٹ واقع ضلع کمانڈنٹ ہوم گارڈ کے دفتر میں آگ لگ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی سورج پور تھانے کے انچارج انسپکٹر جتیندر دیکشت اور ایف ایس او سورج پور موقع پر پہنچے۔ وہاں انہیں ہوم گارڈ کی تنخواہ کا ماسٹرول والا ایک بڑا باکس جلی ہوئی حالت میں پڑا ملا۔ باکس کے اندر موجود تمام مسٹرول مکمل طور پر جل گئے تھے۔
حکومت نے معاملے کی جانچ کے لئے ایک چار رکنی ٹیم بنائی ہے۔ اس میں لکھنو ¿ ہیڈکوارٹر میں تعینات ایس ایس او سنیل کمار، مرزا پور کے ضلع کمانڈنٹ شیلیندر پرتاپ سنگھ، باغپت کی ڈویژنل کمانڈنٹ نیتا بھارتی، میرٹھ کے ڈویژنل کمانڈیٹ ڈی دی موریہ شامل ہیں۔ سی ایم نے گوتم بدھ نگر کے ضلع مجسٹریٹ اور سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ مو ¿ثر کارروائی کرتے ہوئے منگل کی شام تک قصورواروں کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے چیف سکریٹری ہوم گارڈس اور ڈائریکٹر جنرل ہوم گارڈس کو آج شام تک اس معاملہ میں اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات بھی دی ہیں۔