بی جے پی کا یہ وزیر اعلیٰ ان دنوں پڑھ رہا ہے قرآن


ہماری دنیا بیورو
نئی دہلی،11نومبر:'بی جے پی کے لیڈر اورقرآن کی تلاوت 'یہ سن کر یقینا آپ کو یقین نہیں ہو رہا ہوگا لیکن یہ حقیقت ہے۔چونکہ بی جے پی کی طاقت کی بنیاد ہندوتو کی سیاست' کو مانا جاتاہے ۔ پارٹی کی شناخت بھی دائیں بازو کی انتہائی متشدد تنظیم کے طور پر ہے۔ لیکن اسی شدت پسند تنظیم کے ایک وزیر اعلیٰ ان دنوں قرآن کا مطالعہ کر رہے ہیں۔ گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے خود بتایا کہ وہ ان دنوں قرآن کا ہندی ترجمہ پڑھ رہے ہیں۔ ٹائمس ناو کی رپورٹ کے مطابق ساونت نے کہا کہ میں جاننا چاہتا تھا کہ قرآن میں کیا لکھا گیا ہے ۔ مجھے اسے پڑھنے میں کافی دلچسپی تھی۔
گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے یہ بات گزشتہ دنوں اپنے اسمبلی حلقے سنکلیم میں منعقد عید میلاد النبی کی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے کسی جاننے والے نے ہندی میں قرآن کا ترجمہ دیا تھا۔ ساونت نے بتایا کہ ابھی وہ اسے پورا نہیں پڑھ پائے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ قرآن کے ساتھ ساتھ بائبل کا بھی مطالعہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ساونت نے کہا کہ میں نے قرآن ابھی پوری طرح نہیں پڑھا ہے۔صرف کچھ ہی حصے پڑھے ہیں جس طرح میں نے بائبل کے کچھ ہی حصوں کو بھی پڑھا ہے ۔ میں بائبل بھی پڑھنے کی کوشش کر رہا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بھگوت گیتا کو پہلے ہی پڑھ رکھا ہے۔ اس دوران انہوںنے کہا کہ نہ تو گیتا نہ ہی قرآن اور نہ ہی بائبل میں کسی بھی دوسرے مذہب کو بد نام کرنے کی بات نہیں کرتے ہیں۔ انہو نے بتایا کہ قرآن کہتا ہے کہ اس کا مذہب اعلیٰ ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ یہ بھی کہتا ہے کہ دیگر مذاہب کا بھی احترام کرنا چاہئے۔