مسلمان اب بدل چکا ہے، اویسی نے ممتا کو دیا جواب، آپ نے بی جے پی کو کیسے دے دی 18 سیٹیں


ہماری دنیا بیورو


نئی دہلی، 19 نومبر۔مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے ذریعہ حملہ کئے جانے پر اب اے آئی ایم آئی ایم سربراہ اسد الدین اویسی نے جوابی حملہ کیا ہے۔ اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ آج کل ہر کوئی ہمیں ہی ذمہ دار مان رہا ہے، لیکن یہ نہیں جانتے ہیں کہ مسلمان بدل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگال میں یہ بی جے پی کو نہیں روک پائے تو ہمیں ذمہ دار مان رہے ہیں۔
اسد الدین اویسی نے کہا کہ ممتا بنرجی کی زبان پر میرا نام آیا، اس کے لئے میں ان کو شکریہ کہنا چاہوں گا۔ اویسی نے کہا کہ ہر کوئی آج مجھے ٹارگیٹ کر رہا ہے، گھر میں مرغی انڈے نہ دے تو ہم ذمہ دار، بھینس دودھ نہ دے تو بھی اویسی ذمہ دار۔



ممتا کے بیان پر اسد الدین اویسی نے کہا کہ یہ مسلم ووٹ سے جیتتے ہیں، لیکن انہیں اس بات کا اندازہ نہیں ہے کہ یہ اویسی کو نہیں بلکہ بنگال کے مسلمانوں کو بنیاد پرست کہہ رہے ہیں۔اویسی نے کہا کہ جہاں پر آپ ہیں، وہاں بی جے پی نے 18 سیٹیں جیت لیں۔ اب آپ بی جے پی کو روک نہیں پا رہے ہو تو مجھ پرسوال کھڑا کر رہے ہو۔ ہم نے تو بنگال میں ابھی تک الیکشن بھی نہیں لڑا ہے۔اے آئی ایم آئی ایم سربراہ نے سوال کیا ہے آپ اسمبلی انتخابات پر بات کیجئے، مسلمانوں کی تعلیم پر آپ نے کیا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممتا دیدی کو ابھی سمجھنا ہوگا کہ مسلمان اب بدل چکا ہے۔اویسی نے کہا کہ افطار پارٹی کریںگے، سر پر ٹوپی پہنیں گے اور سوچتے ہیں کہ مسلمان خوش ہو جائیں گے، مجھے آئین پر یقین ہے، میں آئینی جنگ جاری رکھوں گا۔غور طلب ہے کہ بنگال کے کوچ بہارمیں ایک پروگرام کے دوران ممتا بنرجی نے یہاں 'اقلیتوں' کو خبردار کیا۔ اسی کے ساتھ انہوں نے اقلیتی برادری کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ انہیں اسد الدین اویسی جیسے لوگوں پربھروسہ نہیں کرنا چاہئے، انہوں نے الزام لگایا تھا کہ کچھ لیڈر لوگوں بانٹنے کا کام کر رہے ہیں۔