ہماری دنیا بیورو
بیکانیر،18 نومبر: راجستھان کے بیکانیر میں بس اور ٹرک میں درد ناک تصادم ہونے کی خبر ہے۔ پیر کی صبح ہوئے اس حادثہ میں تقریباً 14 لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔ وہیں20سے 25 لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ملی ہے۔ پولس سے ملی اطلاع کے مطابق بس بیکانیر نیر سے جے پور جارہی تھی۔ راستے میں سونگر گڑھ کے قریب لکھاسر میں بس حادثہ کا شکار ہوگئی۔ مرنے والوں کی تعداد بڑھنے کا امکان ہے۔ تصادم کی وجہ سے دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے کچھ مسافر بھی جھلس گئے ہیں۔۔
تصادم اتنا شدید تھا کہ بس کے پرکھچے اڑ گئے اور ٹرک کو بھی زبردست نقصان پہنچا ہے۔ 10 لوگوں کی تو موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ کچھ زخمیوں نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔ سبھی زخمیوں کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔ پولس نے لاشوں کو حادثہ کا شکار ہوئی بس سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس حادثہ میں بس کا آگے جا حصہ ٹرک میں جاکر گھس گیا۔ تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے کئی مسافر جھلس گئے، اور چاروں طرف چیخ و پکار مچ گیا۔ مقامی لوگوں نے پولس کو حادثہ کی اطلاع دی۔ جس کے بعد موقع پر فائر بریگیڈ کی گاڑی پہنچ گئی۔ حادثہ علی الصبح کو ہوا جس کی وجہ سے زیادہ تر مسافر نیند میں تھے۔