ہماری دنیا بیورو
نئی دہلی،22نومبر:بی جے پی نے اس کمپنی سے انتخابی چندہ لیا ہے جس کمپنی کے خلاف دہشت گردوں کو فنڈنگ کرنے کے معاملے میں جانچ چل رہی ہے۔ یہ اطلاع الیکشن کمیشن کو پارٹی کے انتخابی ڈونیشن سے متعلق دی گئی تفصیلات میں سامنے آئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پارٹی نے 2014-15 میں آرکے ڈبلیو ڈیولپرز لمیٹڈ سے 10 کروڑ روپے کا چندہ لیا تھا۔
یہ چندہ پارٹی کو ممبئی میںایکسس بینک کی باندرہ برانچ کے ذریعے دیا گیا تھا۔ پارٹی کی طرف کمیشن کو جو ڈونیشن کی تفصیلات دی گئی ہے اس میں آر کے ڈبلیو کانام چندہ دینے والوں کی فہرست میں 26 ویں نمبر پر ہے۔ اس فہرست میں ستیہ الیکٹورل ٹرسٹ اور پروڈینٹ الیکٹورل ٹرسٹ، جنتانرواچک الیکٹورل ٹرسٹ جیسے کئی نام شامل ہیں۔ انتخابی چندہ دینے والوں کے بارے میں پوری تفصیلات یہاں دیکھ سکتے ہیں۔
https://myneta.info/party/index.php?action=all_donors&id=3
آرکے ڈبلیو ڈیولپرز کمپنی کے پروموٹرس ایچ ڈی آئی ایل کے مالک دھیرج ودھاون ہے۔ایچ ڈی آئی ایل کے خلاف پی ایم سی بینک گھوٹالہ معاملے میں بھی جانچ چل رہی ہے۔ اس معاملہ میں ودھاون خاندان کے دو رکن بھی گرفتار ہو چکے ہیں۔ آرکے ڈبلیوڈیولپرز کے انڈر ورلڈ ڈان داو ¿د ابراہیم کے ساتھی رہے اقبال مرچی کی کمپنی کے ساتھ تعلقات کی بھی جانچ ہو رہی ہے۔آرکے ڈبلیو ڈیولپرز نے ڈی گینگ سے منسلک کمپنی کے ساتھ مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی لین دین بھی کی ہے۔ آرکے ڈبلیو کمپنی کے سابق ڈائریکٹر رنجیت بندرا کو ای ڈی انڈرورلڈ کی جانب سے لین دین کے معاملے میں گرفتار کیا تھا، بندرا پر دہشت گردوں کی فنڈنگ کا بھی الزام ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بندرا اقبال مرچی اور کمپنی کے درمیان معاہدے میں'ایجنٹ' کا کردار ادا کرتا تھا۔ بی جے پی کو چندہ دینے والی کمپنی پر 1993 ممبئی دھماکوں میں ملزم اقبال مرچی کی جائیداد خریدنے کا بھی الزام ہے۔ای ڈی کا الزام ہے کہ آرکے ڈبلیو ڈیولپرز نے مرچی کی پراپرٹی فروخت کرنے میں بھی تعاون کیا تھا۔ معلوم ہو کہ ای ڈی آرکے ڈبلیو ڈیولپرز کے ساتھ نمٹنے کے معاملے میں اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا سے بھی پوچھ گچھ کر چکی ہے۔