ہماری دنیا بیورو
نئی دہلی:دہلی میں اسمبلی انتخابات سے پہلے مودی حکومت نے بڑا اعلان کیا ہے۔ مودی حکومت نے بدھ کو دہلی میں غیر قانونی کالونیوں کو مستقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ مرکزی کابینہ کے اجلاس میں اس تجویز پر مہر لگائی گئی، اس کا اعلان مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کیا۔
اس سے پہلے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دعویٰ کیا کہ کالونیوں کومستقل کرنے کے لئے مرکز اور دہلی حکومت ایک ساتھ کام کریں گے اورکالونی کے باشندوں کو ان کا حق ملے گا۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ کالونیوں کو مستقل کرنے کے لئے دہلی حکومت نے بلیو پرنٹ بھی تیار کر لیا ہے۔ 1797 کالونیوں کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، یہ کالونیاں سرکاری زمین پر بنی ہیں۔حال ہی میں کیجریوال حکومت نے دہلی کے قریب 1797 غیر منظورشدہ کالونیوں کومستقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، ان کالونیوں میں قریب 40 لاکھ لوگ رہتے ہیں۔
دہلی میں 2 مرحلے میں کالونیوں کو مستقل کرنے کا کام کیا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں 1797 کالونیاں ہیں۔ اس کے بعد بھی اگر کالونیاں بچ گئی ہیں تو مرکز نے لکھا ہے کہ یکم جنوری 2015 تک 1797 کے علاوہ کوئی کالونی بچ گئی ہے تو اس کی بھی فہرست بنائی جائے۔ دہلی میں غیر قانونی کالونیوں کا مسئلہ پہلے بھی اٹھتا رہا ہے۔ انتخابات کے دوران ان کالونیوں کے معاملے خوب اٹھتے رہے ہیں۔ دہلی حکومت نے 2 نومبر، 2015 کو غیرمنظورشدہ کالونیوں کو منظور کرنے کی تجویز کو مرکزی حکومت کے پاس منظوری کے لئے بھیجا تھا۔مرکزی حکومت کے فیصلے کے بعد دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر منظورشدہ کالونیوں کو مستقل کرنا دہلی والوں کا بہت پرانا مطالبہ رہا ہے۔