نکاح اور طلاق میں بدعنوانیوں پر آندھرا حکومت کا قاضیوں کو انتباہ


رضوان سلمانی/ ہماری دنیا بیورو


دیوبند /کڈپہ(آندھرا پردیش):نکاح کے ریکارڈ کو آن لائن کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، قاضی صاحبان کو نکاح پڑھانے کے ایک ہفتہ کے اندر ریکارڈ کو آن لائن اپ لوڈ کرنا ہوگا۔ حکومت بہت جلد آن لائن سسٹم کا آغاز کرے گی اس سے نکاح اور طلاق کے معاملے میں ہورہی بدعنوانیوں کو روکا جاسکے گا۔ ایس۔بی۔امجد باشاہ نائب وزیر اعلیٰ و وزیر اقلیتی بہبود حکومت آندھراپردیش نے رائل سیما قضائت ویلفیئر ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) کے زیر اہتمام ہفتہ 26/ اکتوبر کی شام شاہی دربار بنکویٹ ہال کڈپہ میں منعقدہ پہلی قضائت کانفرنس سے بحیثیت مہمان اعزازی خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں قوم و ملت کا خادم ہوں اور آپ کی آواز حکومت کے ایوانوں تک پہنچانا میرا منصبی فریضہ بالخصوص آج کی کانفرنس میں آپ نے جو مطالبات پیش کیے ہیں (۱) امام اور خطیب کی طرح حکومت کی جانب سے قاضی صاحبان کو اعزازیہ (۲)قاضیوں کو ایک مرکزی نظام کے تحت لایا جائے(۳)تعلیمی قابلیت کی بنیاد پر قاضیوں کا تقرر (۴) قاضی بھون کی تعمیر کے لیے زمین کی فراہمی (۵) حکومت کی جانب سے خادم الحجاج میں قاضیوں کو بھی شامل کیا جائے۔ان تمام مطالبات کی تکمیل ہوسکتی ہے اگر قاضی صاحبان متحدہوکر ایک پلیٹ فارم سے جدوجہد کریں۔ انہوں نے بدعنوانیوں میں ملوث قاضیوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ سدھر جائیں ورنہ انہیں بخشا نہیں جائے گا۔ قاری شیخ احمد مصطفی کی قرأت سے کانفرنس کا آغاز ہوا۔ سمانسید گروپ حیدرآباد کے اراکین ارباز باسمانی،شیخ احمد مصطفی اور صفوان قادری نے مسحور کن انداز میں حمد و نعت کے نذرانے پیش کئے۔ حضرت مولانا قاضی سید لطیف علی قادری الملتانی استاذ جامعہ نظامیہ و صدر قاضی قلعہ محمد نگر نے صدارت فرمائی۔ مولانا سید علی اکبر حسینی قادری شطاری رکن تمل ناڈو وقف بورڈ' مولانا قاضی ابواللیث شاہ محمد غضنفر علی قریشی اسد ثنائی صدر نشین انتظامی کمیٹی درگاہ سید خواجہ حسن برہنہ شاہؒ حیدرآباد اور مولانا قاضی محمد ظہیر الدین رابطہ آفیسر تلنگانہ اسمبلی و صدر قاضی قلعہ محمد نگر نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی اور کانفرنس سے خطاب کیا اور قاضیوں کے مسائل سے منسٹر صاحب کو آگاہ کیا۔ مولانا قاضی اسد ثنائی کی جناب امجد باشاہ کے لیے لکھی ہوئی تہنیت سمانسید گروپ حیدرآباد کے اراکین نے خوبصورت انداز میں پیش کی۔معتمد عمومی مولانا قاضی سید عنایت اللہ قادری باقوی نے رائل سیما قضاء ت ایسوسی ایشن کی جانب سے جناب ایس۔بی۔امجد باشاہ کو منسٹر بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی خدمت میں گلدستہ' مومنٹو اور تہنیت پیش کی اور اپنی استقبالیہ تقریر میں ایسوسی ایشن کا تفصیلی تعارف اور کارکردگی پیش کی۔ مولانا قاضی ٹی۔بشیر احمد قادری شریک معتمد' مولانا قاضی سید شاہ محمد کمال اللہ ظہوری اعزازی صدر، قاضی شیخ محمد اسماعیل خازن، قاضی شیخ محمد ابراہیم، قاضی سید شرف الدین حسینی، قاضی سید انصر باشاہ (نائب صدور)، قاضی ملا محمد ذکریا شریک معتمد، قاضی ملا یونس باشاہ شریک خازن، قاضی سید قادر ولی ظہوری، قاضی شیخ شاہ حسین ولی، قاضی خان احمد شفیع الرحمن، قاضی سید ناصر حسین اور قاضی جے کریم اللہ اراکین ایسوسی ایشن نے مہمانوں کا استقبال کیا اور مومنٹوز پیش کیے۔ کانفرنس میں کرنول، چتور، اننت پور، نندیال، کڈپہ کے علاوہ آندھرا کے مختلف اضلاع اور حیدرآباد کے صدر قاضی صاحبان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مولانا قاضی سید عنایت اللہ قادری باقوی کے شکریے اور صدر کانفرنس مولانا قاضی سید لطیف علی قادری الملتانی کی دعا پر اس عظیم الشان قضاء ت کانفرنس کا اختتام عمل میں آیا۔ ایسوسی ایشن کی جانب سے کانفرنس کے بعد مہمانوں کے لیے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔