اب کس سیاسی پارٹی نے تبریز انصاری کی بیوہ کو دیا دس لاکھ کا چیک، آپ کو جان کر ہوگی خوشی


ہماری دنیا بیورو


نئی دہلی۔ انڈین یونین مسلم لیگ کے تحت حالات حاضرہ سے متعلق ہوٹل امراڈ (صحن)کناٹ پیلس میں ایک ہنگامی میٹنگ پروفیسر قادر محی الدین قومی صدر کی صدارت میں منعقد ہوئی۔جس میں نیشنل سکریٹری خرم علی،ابو بکر ایم ایل اے چنئی،اتر پردیش کے صدر ڈاکٹر متین احمد،دہلی پردیش کے صدر مولانا نثار احمد نقشبندی،نائب صدر معین الدین انصاری،سکریٹری شیخ فیصل حسن،جنرل سکریٹری عمران اعجاز دہلی پردیش،مولانا الطاف رحمن،ڈاکٹر بشیر احمد خان نے شرکت کی۔اس موقع پر تبریز انصاری کی بیوہ کو پارٹی کی جانب سے دس لاکھ کا چیک دیا گیا۔
اس موقع پر پارٹی قومی صدر قادر محی الدین نے کہا کہ محمد تبریز انصاری کی شہادت جس حالت اور جیسے ہوئی ہے وہ صرف اور صرف مسلمان ہونے کی گواہی پیش کرتا ہے، اس لئے تمام مسلمانوں کو اس حادثہ پر غم اور انتظامیہ کے خلاف غصہ کا ماحول ہے۔ہماری سب سے بڑی ذمہ داری یہ بنتی ہے کہ ہم ان کی بیوہ کے ساتھ ہمدرد ی کا رویہ اختیار کریں،یہی وجہ ہے کہ پارٹی نے ادنی سی مدد کرکے تمام مسلمانوں کو ان کی جانب توجہ مبذول کرانے کی کوشش کی ہے کہ وہ بھی ان جیسے حالات سے دوچار مظلوم مسلمانوں کی مدد کریں، تاکہ ان کی دل جوئی ہو اور انہیں احساس ہو کہ ہمارے ساتھ پوری قوم کھڑی ہے،ہم اکیلے نہیں ہیں۔اسی احساس کو جگانے کے لئے پارٹی سطح کا پروگرام دہلی میں رکھا گیا اور ان کی بیوہ کی مدد کی گئی ہے۔


ابصار انصاری کا پیٹ پیٹ کر قتل،جانئے کس ریاست میں پیش آیا پھرماب لنچنگ کا واقعہ
اس موقع پر پارٹی صدر مولانا نثار احمد حسینی نقشبندی نے کہا کہ موجودہ ملک کے حالات انتہائی خراب ہورہے ہیں جگہ جگہ اقلیتوں بطور خاص مسلمانوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔کملیش تیوار ی معاملے میں کس طرح مسلمانوں کو ملوث کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔جگہ جگہ مآب لنچنگ کے واقعات میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے بلکہ بڑھتے ہی جاررہی ہے۔ان حالات سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اب سیاسی فائدے کے لئے مسلمانوں کو کھل کر نشانہ بنایا جارہا ہے۔ہمارا ملک ایک گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ ہے اسے کسی بھی قیمت میں خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔آج تبریز انصاری کے بیوہ کی پارٹی نے مدد کرکے یہ پیغام دیا ہے کہ ہم ایک زندہ اور پائندہ قوم ہیں،ہم اپنے بھائی کی شہادت پر ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر اس مدد کے لئے تیار ہیں جو انہیں ضرورت ہے۔